اسلام آباد (آئی پی ایس )صدرفیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( ایف پی سی سی آئی) عاطف اکرام شیخ نے ونٹر پیکج کے تحت بجلی کی قیمتوں میں ریلیف کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کا ونٹر پیکج خوش آئند ،بجلی کے بعد گیس قیمتوں کو بھی پیکج کا حصہ بنایا جائے ، حکومت ونٹر پیکج کے دورانیہ کو 3کے بجائے ساڑھے 4ماہ دسمبر سے 15مارچ تک توسیع دے ،دورانیہ بڑھانے سے ونٹر پیکج کے اثرات سے چھوٹی اور بڑی صنعتیں بہتر طریقے سے مستفیدہوسکیںگی۔
ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ بزنس کمیونٹی حکومت کی جانب سے 3ماہ کیلئے ونٹر پیکج کے اعلان کا خیر مقدم کرتی ہے ،بجلی سہولت پیکج سے انڈسٹری کو فائدہ ہوگا جو برآمدات میں اضافے کیلئے اشد ضروری ہے، حریف ممالک کے مقابلے میں خطے میں سب سے زیادہ مہنگی بجلی پاکستان میں ہے،بجلی سہولت پیکج کے نتیجے میں ملکی معیشت بحال ہوگی اور صنعتوں پر دبائو بتدریج کم ہو گا۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ حکومت ونٹر پیکج کے دورانیہ کو 3کے بجائے ساڑھے 4ماہ دسمبر سے 15مارچ تک توسیع دے ،دورانیہ بڑھانے سے ونٹر پیکج کے اثرات سے چھوٹی اور بڑی صنعتیں بہتر طریقے سے مستفید ہو سکیں گی،حکومت بجلی سہولت پیکج کو بغیر شرائط کے تمام برآمدی صنعتوں تک مساوی رسائی کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن اقتصادی ترقی اور برآمدی مسابقت کے فروغ کیلئے حکومت کیساتھ تعاون کیلئے پرعزم ہے،صنعتوں کیلئے پیداواری لاگت میں کمی سے عالمی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کو فروغ ملے گا ، آئی پی پیز سے نئے معاہدوں کے ذریعے حکومت کو بجلی قیمتوںکے طویل مدتی حل کی طرف جانا چاہئے ۔