ماسکو(شِنہوا)روسی برآمدات مرکز (آر ای سی) کی جنرل ڈائریکٹر ویرونیکا نکیشینا نے کہا ہے کہ منصفانہ اوور آزادانہ منڈیوں کے حقیقی علمبردار چین نے کثیرجہتی اور آزاد تجارت کی حمایت کی عالمی مثال قائم کی ہے۔ویرونیکا نکیشینا نے حال ہی میں شِنہوا کو ایک انٹرویو میں کہا کہ چین بین الاقوامی درآمدی نمائش (سی آئی آئی ای) روسی پیداواری کمپنیوں اور برآمد کنندگان کو اپنی مصنوعات کی نمائش، چینی خریداروں کے ساتھ رابطہ قائم کرنے، طویل مدتی اور بڑے پیمانے پر آرڈر حاصل کرنے کا ایک غیر معمولی موقع فراہم کرتا ہے۔
ویرونیکا نکیشینا نے کہا کہ ہم نمائش میں شرکت کے ذریعے روسی اور چینی کمپنیوں کے درمیان اپنے تجارتی تعاون کو مضبوط بنانے میں بڑھتی ہوئی دلچسپی دیکھ رہے ہیں۔ویرونیکا کے مطابق روسی نمائش کنندگان اس سال چینی صارفین اور ڈسٹری بیوٹرز کو کثیر تعداد میں مصنوعات پیش کریں گے۔ویرونیکانے کہا کہ بہت سی روسی کمپنیاں اس سال پہلی بار سی آئی آئی ای میں شرکت کررہی ہیں جو چینی صارفین کی ترجیحات کو سمجھنے کی خواہش مند ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ روسی کمپنیاں اپنی مصنوعات کو فروغ دینے، بڑے پیمانے پر شراکت داروں کی تلاش اور طویل مدتی تجارتی شراکت داری قائم کرنے کے لئے سی آئی آئی ای پلیٹ فارم کو بھرپور استعمال کریں گی۔