اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدارتی انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔
غذر میں سیلاب متاثرین کو نئے تعمیر کردہ گھروں کی فراہمی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ دونوں ممالک دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط اور وسیع کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی سے اگست 2022 میں غذر میں سیلاب آیا تو تباہی کا منظر تھا، تباہ کن بارشوں اور سیلاب نے پورا گاؤں زمین بوس کردیا تھا، ایسی تباہی کبھی نہیں دیکھی۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے کرم سے یہاں آج ایک نئی بستی تعمیر کی جاچکی ہے، سیلاب متاثرین کے لیے معیاری گھروں کی تعمیر قابل تحسین ہے، آج تمام متاثرہ خاندانوں کو گھروں کی ملکیت کے کاغذات دیے جائیں گے، خوشی ہے کہ آج دوبارہ غذر آیا، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان اور تمام افسران کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے محنت کرکے یہ گھر تعمیر کیے۔
وزیراعظم نے کہا کہ قوم کی بیٹی تنزیل کے لیے 50 لاکھ روپے کے انڈوومنٹ فنڈ کا اعلان کیا تھا، خوشی ہے کہ فنڈ آج 67 لاکھ روپے پر پہنچ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ان گھروں میں چمنی نہیں دیکھی جس پر ہدایت کی ہے کہ گھروں میں چمنیوں کا انتظام کیا جائے تاکہ سردیوں میں لوگ آرام سے رہ سکیں۔
وزیراعظم نے نئی تعمیر کردہ بستی میں معیاری اسکول، ڈسپنسری اور پلے گراؤنڈ بنانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈسپنسری میں ایکسرے، زچگی سمیت دیگر تمام سہولیات موجود ہونی چاہییں۔ انہوں نے صوبائی حکومت کو تعمیر کردہ گھروں کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کرانے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ جہاں پر کوئی کمی رہ گئی ہے اسے پورا کیا جائے۔