ٹیکنالوجی

ایپل کا اپنا سب سے مہنگا آئی فون متعارف کرانے پر غور

ایپل کے آئی فونز عموماً دیگر کمپنیوں کی ڈیوائسز سے زیادہ مہنگے ہوتے ہیں۔ اب یہ کمپنی آئی فون الٹرا کے نام سے سب سے مہنگے آئی فون کو متعارف کرانے پر غور کر رہی ہے۔بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق آئی فون الٹرا کی قیمت آئی فون پرو اور پرو میکس ماڈلز سے زیادہ ہوگی۔

 

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایپل کا یہ نیا آئی فون2024 میں متعارف کرایا جاسکتا ہے۔اس سے قبل 2022 میں بلومبرگ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ آئی فون 15 سیریز میں الٹرا ماڈل پرو میکس کی جگہ لے گا۔

مگر نئی رپورٹ کے مطابق ایپل کی جانب سے زیادہ طاقتور اور مہنگے آئی فون ماڈل کو الگ سے متعارف کرانے پر غور کیا جا رہا ہے۔گزشتہ دنوں ایپل کے سی ای او ٹم کک نے بھی اس امکان کو مسترد نہیں کیا تھا۔کمپنی کی سہ ماہی رپورٹ کے اجرا کے موقع پر انہوں نے عندیہ دیا تھا کہ صارفین کی جانب سے بہتر ڈیوائس کے لیے زیادہ قیمت بھی ادا کی جائے گی۔

 

یہ تو ابھی واضح نہیں کہ آئی فون الٹرا میں کس طرح کے فیچرز موجود ہوں گے مگر رپورٹ میں خیال ظاہر کیا گیا کہ اس ماڈل میں زیادہ بہتر کیمرا سیٹ اپ، زیادہ طاقتور پراسیسر اور زیادہ بڑا ڈسپلے دیا جا سکتا ہے۔

 

اسی طرح یہ کمپنی کا پہلا ایسا فون بھی ہو سکتا ہے جس میں چارجنگ پورٹ کو ختم کر دیا جائے گا اور اس کی جگہ وائرلیس چارجنگ کو دی جائے گی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایپل کی جانب سے پہلے ہی بہترین فیچرز پرو اور پرو میکس ماڈلز میں دیے جا رہے ہیں جن کی قیمت بھی دیگر ماڈلز سے زیادہ رکھی گئی ہے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker