اسلام آباد

نادرا نے جدید ترین پاک آئی ڈی موبائل ایپ متعارف کرا دی

اسلام آباد: نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کا دفتر اب پاکستانی شہریوں کے موبائل فون پر آ گیا ہے کیونکہ نادرا کی طرف سے پیش کی جانے والی جدید ترین پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے شہری اب نہ صرف شناختی کارڈ اور دیگر شناختی دستاویزات بنوانے کی درخواستوں کے لئے تمامتر کارروائی موبائل فون پر ہی مکمل کر سکتے ہیں بلکہ شناختی کارڈ یا دستاویزات اپنے گھر پر منگوا سکتے ہیں۔ پاک آئی ڈی موبائل ایپ کی بدولت اب پاکستانی شہریوں کو شناختی کارڈاور فیملی رجسٹریشن کارڈ بنوانے کے لئے نادرا دفاتر جانے اور لمبی قطاروں میں انتظار کرنے کی بالکل ضرورت نہیں۔

نئی موبائل ایپ کی اہم خصوصیات پر روشنی ڈالتے ہوئے چیئرمین نادرا طارق ملک نے کہا کہ نئی پاک آئی ڈی موبائل ایپ میں دستاویزات کی شناخت کا نظام اور بائیومیٹرک تصدیق کی سہولت بھی شامل ہے جن کی بدولت آپ شناختی دستاویزات بنوانے کی کارروائی میں پیش آنے والے تمام مراحل اپنے موبائل فون کے ذریعے ہی مکمل کر سکتے ہیں، مثلا ضروری دستاویزات اپ لوڈ کر سکتے ہیں، تصویر اور فنگرپرنٹس بنا سکتے ہیں اور ڈیجیٹل دستخط بھی آن لائن درخواست میں شامل کر سکتے ہیں۔ طارق ملک نے کہا کہ یہ جدت آمیز اقدام خدمات میں بہتری کے ذریعے ڈیجیٹل پاکستان کے مقاصد کے حصول میں انتہائی اہم کردار ادا کرے گا۔ یہ موبائل ایپ تمام پاکستانی شہریوں کے لئے بے پناہ سہولت کا باعث بنے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ نادرا کی کامیابیوں میں بھی ایک نیا اضافہ ثابت ہو گی جس کی بدولت قبل ازیں پاکستان دنیا کا پہلا ملک بن چکا ہے

جس نے ایک سے زیادہ بائیومیٹرک لینے اور دستاویزات جمع کرانے جیسی سہولیات آن لائن متعارف کرا دی ہیں۔ چیئرمین نادرا نے بتایا کہ اس ایپ کی تیاری میں “کنٹیکٹ لیس ٹیکنالوجی” کا استعمال کیا گیا ہے جس کی بدولت شہری سمارٹ فون کے ذریعے شناختی دستاویزات بنوا کر جدید ڈیجیٹل سہولیات کا بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری اس ایپ میں دئیے گئے سروے کے ذریعے ہمیں اپنی مفید آرا سے ضرور آگاہ کریں۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker