آزاد کشمیراہم خبریں

آزاد کشمیر میں 31سال بعد بلدیاتی انتخابات ،پولنگ کا آغاز ہو گیا

مظفر آباد(آئی پی ایس) آزاد جموں و کشمیر میں 31 سال بعد بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ کا آغاز ہوگیا ہے اور پولنگ کا عمل جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق آزاد جموں و کشمیر میں بلدیاتی الیکشن 31 سال بعد ہورہے ہیں۔ مظفرآباد ڈویژن آزاد کشمیر کے 3 اضلاع مظفرآباد، وادی نیلم اور وادی جہلم میں پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا۔

مظفرآباد میں 791 پولنگ اسٹیشن 1112 بوتھ، وادی نیلم میں 255 پولنگ اسٹیشن 381 بوتھ، جبکہ وادی جہلم میں 276 پولنگ اسٹیشن 391 بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔

آزاد کشمیر کے ضلع مظفرآباد کی میونسپل کارپوریشن 36 وارڈز پر مشتمل ہے جبکہ ٹاؤن کمیٹی کہوڑی کے 3 وارڈز، ٹاؤن کمیٹی پٹہیکہ 5 اور ٹاؤن کمیٹی گڑھی دوپٹہ 4 وارڈز پر مشتمل ہے۔

مظفرآباد کی 41 یونین کونسلز سے ضلع کونسل کے 41 نمائندے منتخب کیے جائیں گے جبکہ یونین کونسل کی 296 وارڈز سے 296 نمائندے منتخب ہوں گے۔

اس کے علاوہ آزاد کشمیر کے مظفرآباد ڈویژن میں 695049ووٹرز بلدیاتی انتخابات میں حق رائے دہی استعمال کر کے کونسلرز کا انتخاب کریں گے۔

دوسری جانب آزاد کشمیر کے ضلع جہلم ویلی کی تین تحصیلیں ہیں، تحصیل چکار 2، کرناہ3 اور ہٹیاں بالا 13 یونین کونسلز پر مشتمل ہیں جبکہ انتخابات کیلئے 276 پولنگ اسٹیشن 391 بوتھ قائم کیے جائیں گے جبکہ بلدیاتی الیکشن کیلئے کل 18 یونین کونسلز کے 126وارڈز بنائے گئے ہیں، جن سے 18 ضلع کونسل کیلئے امیدوار منتخب کیے جائیں گے۔

آزاد کشمیر کے ضلع وادی نیلم کی دو تحصیلیں اٹھ مقام 9 یونین کونسلز اور شاردہ 6 یونین کونسلز پر مشتمل ہیں جبکہ کل 15 یونین کونسلز 112 وارڈز پر مشتمل ہیں۔

خیال رہے کہ بلدیاتی انتخابات کے دوران چار ہزار پانچ سو پولیس اہلکار الیکشن ڈیوٹی سرانجام دیں گے اور اس دوران امن و امان کو بر قرار رکھنے اور سول انتظامیہ کی مدد کے لئے پاک فوج کے دستے بھی ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔

اس کے علاوہ مختلف مقامات پر سیکیورٹی فورسز اور کیو آر ایف قائم کر دیے گئے ہیں اور تمام علاقوں کی مقامی انتظامیہ کے ساتھ مکمل رابطے میں ہونگے۔

ایس ایس پی یاسین بیگ نے مظفرآباد پولنگ اسٹیشن کا دورہ کیا اور اس دوران انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ابھی تک پر امن پولنگ کا عمل جاری ہے، کافی پولنگ اسٹیشن وزٹ کیا ہے پیس فل الیکشن ہورہے ہیں۔

یاسین بیگ نے کہا کہ سیاسی جماعتوں نے یقین دہانی کروائی ہے پرامن الیکشن ہوگا، لوگ باشعور ہیں، پر امن الیکشن کی توقع ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تین لیئر میں سیکیورٹی تعینات ہے، کیو آر ایف کی نفری، سیکٹر کمانڈر رابطے میں ہونگے۔ مظفر آباد میں دو پاک فوج کے برگیڈ ہیں، فوج بھی ہماری ایک کال پر ناگہانی صورتحال میں پہنچے گی۔

 

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker