اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

کشمیریوں کوآزادی دلانے کیلئے ہمیں سیاسی و معاشی استحکام لانا ہوگا ،وزیراعظم

مظفر آباد (آئی پی ایس) وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں 75 سال سے لاکھوں مسلمانوں کو ظلم کا نشانہ بنایا جارہا ہے، بھارت کا یہ ظلم اب زیادہ دیر تک نہیں چل سکے گا، کشمیر پالیسی میں مزید جدت اور طاقت پیدا کرنا ہوگی۔

یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کے دوران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ قائداعظم نے فرمایا تھا کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، آج ہمارے معاشرے میں تقسیم در تقسیم پیدا ہوچکی ہے، معاشرے میں تقسیم درتقسیم افسوسناک ہے، جب کسی قوم میں اتفاق و اتحاد پیدا ہوتا تو وہ اپنے اہداف آسانی سے حاصل کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیرکی وادی بے گناہ مسلمانوں کےخون سے سرخ ہوگئی، 75سال میں کشمیر میں لاکھوں لوگوں کو ظلم کا نشانہ بنایا گیا، بھارت نےمقبوضہ کشمیر کو جیل میں تبدیل کررکھا ہے، مودی نے 2019 میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کی، کشمیر پالیسی میں مزید جدت اور طاقت پیدا کرنا ہوگی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج تمام جماعتوں کا اتحاد دیکھ کر یقیناً بھارت پریشان ہوگا، پاکستانیوں نے ہمیشہ اپنے کشمیریوں بھائیوں کو یاد رکھا اور ان کی اخلاقی امداد جاری رکھی ہے، کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد ضرور رنگ لائی گی، لیکن ہمیں باتیں یا نعرے نہیں کشمیر کاز کے لئے عملی اقدام کرنا ہوں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہم ایٹمی طاقت ہیں بھارت ہماری طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، کشمیر کو آزادی دلانی ہے تو معاشی طاقت کو بھی ساتھ ملانا ہوگا، ہمیں معاشی اورسیاسی استحکام لے کر آنا ہوگا۔

عالمی برادری کی مذہبی بنیادوں پر جانبداری کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بظاہر لگ رہا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ دب گیا ہے، مذہبی بنیادوں پر عالمی طاقتوں نے سوڈان کو تقسیم کیا، لیکن جب کشمیر کی بات آتی ہے تو جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا محاورہ سچ ثابت ہوجاتا ہے۔

 

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker