اہم خبریںپاکستان

خاتون جج کو دھمکی کیس، عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

اسلام آباد کی ماتحت عدالت نے خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینے سے متعلق کیس میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔
سول جج رانا مجاہد نے عمران خان کے خلاف خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینے سے متعلق کیس پر سماعت کی۔
عمران خان کے وکیل نعیم پنجوتھا نے اپنے موکل کی جانب سے حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی۔
نعیم پنجوتھا نے کہا کہ سیکیورٹی خدشات کی بنیاد پرعمران خان نہیں آسکتے۔
فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ آج عمران خان عدالتی وقت تک نہ آئے تو ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردوں گا۔
بعد ازاں فاضل جج نے عمران خان کی استثنی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ عدالت نے عمران خان کو 29 مارچ کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
گزشتہ برس (20 اگست 2022) کو احتجاجی جلسے سے خطاب کے دوران عمران خان نے شہباز گل کا ریمانڈ دینے والی خاتون مجسٹریٹ زیبا چوہدری کو نام لے کر دھمکی بھی دی تھی۔
9 مارچ کو بھی کیس کی سماعت ہوئی تھی اور سول جج رانا مجاہد رحیم نے سیکیورٹی خدشات پر عمران خان کی دائر درخواست منظور کرکے سماعت آج تک کے لیے ملتوی کردی تھی۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker