پاکستان

ملک بھر میں بجلی کا بریک ڈان، حکومت کی بحالی کیلئے 10 بجے تک کی ڈیڈلائن

نیشنل گرڈ میں خرابی کی وجہ سے کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت ملک کا بیشتر حصہ بجلی سے محروم ہوگیا۔

وزیر توانائی خرم دستگیر کا اس حوالے سے کہنا ہےکہ ملک بھر میں بجلی کی بحالی  کےلیے رات 10 بجے تک ڈیڈلائن مقرر کی ہے،  اسلام آباد، پشاور، ملتان اور سکھر میں بجلی تقسیم کارکمپنیزکوبجلی جزوی بحال کی ہے جب کہ واپڈا اور کے الیکٹرک کو بجلی کی جلد از جلد بحالی کیلئے قریبی رابطے میں ہیں، کوشش ہے کہ طےکردہ ڈیڈلائن سے قبل بجلی بحال کردی جائے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی صبح ساڑھے 7 بجے کے قریب معطل ہوئی، کراچی شہر کا 90 فیصد حصہ بجلی سے محروم ہے۔

کے ای ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل گرڈ میں خلل بریک ڈاؤن کا ممکنہ سبب ہے، بجلی کی مکمل بحالی میں 5 سے 6 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔

کراچی واٹر بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ بجلی کے بریک ڈاون کے باعث شہر کو پانی کی پمپنگ بھی متاثر ہوئی ہے۔

علاوہ ازیں شہر میں بجلی کے بریک ڈاؤن سے سرکاری اور نجی اداروں میں کام متاثر ہوا ہے، سندھ ہائیکورٹ میں صرف کمرہ عدالت میں بجلی فراہم کی جارہی ہے جب کہ بجلی نہ ہونے سے نئی درخواست دائر کرنے اور تصدیق کا عمل رک گیا ہے، ویری فیکشن برانچ کے کمپیوٹر بند ہونے سے سائلین کو پریشانی کا سامنا ہے۔

بلوچستان کے تمام اضلاع میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہوئی ہے اور اس حوالے سے کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) حکام کا بتانا ہے کہ گڈو سےکوئٹہ آنے والی بجلی کی دونوں ٹرانسمیشن لائنیں ٹرپ کرگئیں جس کی وجہ سے صوبے کے بڑے حصے میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

کیسکو چیف کا کہنا ہے کہ  گڈو اور ڈی جی خان سے آنے والی سپلائی لائن ٹرپ کرگئیں جس کے باعث پورا بلوچستان بجلی سے محروم ہے، فنی خرابی سے متعلق معلومات لی جارہی ہیں۔

ذرائع لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کا بتانا ہے کہ لاہور سمیت تمام بڑے،چھوٹے شہر بجلی سے محروم ہو گئے ہیں، ابتدائی معلومات کے مطابق جنوبی و شمالی مین لائینوں میں بیک وقت فالٹ آیا، بجلی کی فراہمی معطل ہونے کے باعث اورنج لائن ٹرین کو بند کر دیا گیا۔

فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ،گوجرہ، سرگودھا، شور کوٹ، پیر محل اور ملتان ریجن سمیت دیگر کئی شہروں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

ترجمان آئیسکو کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے 117 گرڈ اسٹیشن کو بجلی کی فراہمی معطل ہے، ریجن کنٹرول سینٹر کی جانب سے ابھی تک کوئی واضح وجہ نہیں بتائی گئی، متعلقہ حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

ذرائع نیشنل پاور کنٹرول کا کہنا ہے کہ اس وقت سسٹم مکمل طور پر بند ہے، مین لائنوں میں فالٹ کی وجہ سے پورا سسٹم بیٹھ گیا، بجلی کی بحالی میں کئی گھنٹے لگ سکتے ہیں۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker