
اسلام آباد ۔۔۔ وزارت انسانی حقوق کو وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے، پرفارمنس اہداف کے حصول میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی پہلی 5 وفاقی وزارتوں میں شامل ہونے کی بنا پر، اعزازی سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا ہے۔ وزارت نے مالی سال 2020-21 کے پہلے دو سہ ماہی کے عرصہ میں 90 فیصد اہداف کو پورے کئے۔
اہداف کے حصول کے لئے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جو اہم اقدامات اٹھائے گئے ، ان میں لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی ایکٹ، 2020 کا نفاذ۔ جس کے تحت انصاف تک رسائی کے لئےبلا معاوضہ قانونی، مالی اور دیگر معاونت فراہم کرنے کے لئے لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی قائم کی گئی۔ آئی سی ٹی رائٹس آف پرسنز ود ڈس ایبلٹی ایکٹ، 2020 کا نفاذ۔ اس ایکٹ کے تحت قائم کردہ سی آر پی ڈی (معذور افراد کے حقوق کی کونسل) کے اسسمنٹ بورڈ کے 11 اجلاسوں کا اہتمام کیا گیا اور 800 سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے ہیں۔ بصارت سے محروم بچوں کے لیے قائم کردہ نیشنل اسپیشل ایجوکیشن سنٹر نے اب تک 1045 بصارت سے محروم بچوں کو ای لرننگ ٹریننگ اور جدید ترین ٹیک مشینری فراہم کی۔ وزارت نے وفاقی اور صوبائی سطح پر انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی شکایت کے اندارج کے لئے شکایتی سیل کا آغاز کیااور شکایات کے اندراج پر ڈیٹا بیس تیار کیا ہے۔ اس کے ساتھ شکایات کے ازالے کے طریقہ کار کو بھی بہتر بنایا۔ ٹرانس جینڈر پرسنز پروٹیکشن آف رائٹس ایکٹ، 2018 کا نفاذ بشمول ٹرانسجینڈر پروٹیکشن سینٹر کا آغاز اور ایکٹ پر عمل درآمد کے لئے ایک قومی کمیٹی کی تشکیل شامل ہے۔





