
بیجنگ : چینی صدر شی جن پھنگ کی اہلیہ محترمہ پھنگ لی یوان اور چین کے سرکاری دورے پر آئے ہوئے ہسپانوی بادشاہ فلیپے ششم کی اہلیہ ملکہ لیٹیشیا نے بیجنگ میں خصوصی افراد کی خدمات کے نمونہ مرکز کا دورہ کیا۔بدھ کے روز محترمہ پھنگ لی یوان اور ملکہ لیٹیشیا نے مرکز میں خصوصی افراد کی خدمات کے مختلف منصوبوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور بیجنگ سرمائی پیرالمپکس کی تھیم نمائش دیکھی۔ بعد ازاں، دونوں معزز مہمان خواتین نے ٹیکنالوجی کی مدد سے خصوصی افراد کی بحالی، بچوں کی مطالعاتی سرگرمیوں اور قابل رسائی سہولیات کی تعمیر کے بارے میں بھی آگاہی حاصل کی۔دونوں نے بیکنگ، دستکاری اور مصوری کی تربیت حاصل کرنے والے خصوصی افراد سے گرمجوش تبادلہ خیال کیا، خصوصی بچوں کی خیریت دریافت کی، اور نابینا بچوں کی جانب سے گائے گئے نغمے "گیت اور مسکراہٹ” سے لطف اندوز ہوئیں۔ محترمہ پھنگ لی یوان نے کہا کہ خصوصی افراد کی فلاح و بہبود ایک ایسا کام ہے جس کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کی مشترکہ کوششیں اور حمایت درکار ہے تاکہ انہیں بہتر طور پر معاشرے میں ضم کیا جا سکے۔ چین اور اسپین اس شعبے میں تبادلۂ خیال اور تعاون کو مزید فروغ دے سکتے ہیں تاکہ خصوصی افراد کو اپنے خوابوں کی تکمیل میں مدد دی جا سکے۔ملکہ لیٹیشیا نے چین میں خصوصی افراد، خصوصاً خواتین کے روزگار کی صورتحال سے متعلق تفصیل سے دریافت کیا اور خصوصی افراد کی بہبود کے لیے چین کی کوششوں اور حاصل شدہ کامیابیوں کو سراہا۔





