اہم خبریںبین الاقوامیتازہ ترین

دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی ہرطرح سے مدد وحمایت کرینگے ،امریکہ

واشنگٹن(آئی پی ایس)امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ ہم دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے حکومت پاکستان کی کوششوں کی ہر طرح سےمدد و حمایت کرتے ہیں،دہشت گرد گروپوں سے نمٹنا پاکستان اور امریکا کا مشترکہ مفاد ہے۔

 

امریکی خبر ایجنسی سے گفتگو کے دوران نیڈ پرائس نے کہا کہ پشاور میں ہونے والا دھماکا اس بات کی یاددہانی ہے کہ دہشت گردی کی لعنت اب بھی موجود ہے جو پاکستان اور افغانستان میں پورے خطے میں بدستور معصوم جانیں لے رہی ہے۔نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ امریکا اور پاکستان کے مشترکہ مفاد میں ہے کہ دونوں ملک اس بات کو یقینی بنائیں کہ دہشت گرد گروپ خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ نہ بن سکیں۔افغانستان کے لیے امریکا کے خصوصی نمائندے تھامس ویسٹ کے دورے پاکستان کے دورے سے متعلق نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستانی قیادت کے ساتھ مستقل رابطے میں ہے اور متعدد اہم امور پر گفتگو کر رہا ہے

 

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ تھامس ویسٹ کے پاکستان کے دورے کا مقصد افغانستان میں مشترکہ مفادات کے حوالے سے مشاورت ہے۔ تھامس ویسٹ ایک ایسا لائحہ عمل تشکیل دے رہے ہیں جس سے افغانستان میں خواتین کے حقوق کی بحالی ممکن ہوسکے۔

 

قبل ازیں وائٹ ہاؤس نے پشاور میں مسجد کے اندر خودکش دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔وائٹ ہاؤس کی نیشنل سکیورٹی کونسل کی ترجمان ایڈرین واٹسن نے اپنے بیان کہا کہ پشاور سے افسوس ناک اور دل دہلا دینے والی خبر سامنے آئی ہے، نمازیوں پر حملہ ناقابل معافی عمل ہے۔

 

وائٹ ہاؤس کی ترجمان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی ناقابل دفاع ہے، نمازیوں کو نشانہ بنانا غیر ذمہ دارانہ عمل ہے۔ایڈرین واٹسن نے مزید کہا کہ امریکا پاکستان کی بحالی اور تعمیر نو کی کوششوں میں مدد فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔واضح رہے کہ پشاور میں پولیس لائنز کے اندر مسجد میں خود کش دھماکے میں 100 افراد شہید اور 140 سے زائد زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں کا مختلف اسپتالوں میں علاج جاری ہے۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker