اہم خبریںپاکستانتجارت

پیٹرول پمپ مالکان کا کل ملک میں ہڑتال کا اعلان، پمپس پر رش لگ گیا

اسلام آباد، پاکستان پیٹرولیم ڈیلر زایسوسی ایشن نے ملک بھر میں کل سے ہڑتال کا اعلان کردیا ،شیل اور پی ایس او نے پیٹرولیم ڈیلرز کی ہڑتال سے لا تعلقی کا اعلان کر دیا،ہڑتال کے اعلان پر بعد ملک بھر کے پیٹرول پمپس پرپیٹرول بھروانے والے شہریوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں،ترجمان پٹرولیم ڈویژن کے مطابق پٹرول پمپ ڈیلرز کے مارجن کو بڑھانے کیلئے کیس ای سی سی کو بھیجوا دیا گیا ہے، آئل مارکیٹنگ کمپنیز اور ڈیلرز کے مارجن میں مناسب اضافے کیلئے وزارت کوشاں ہے ، وفاقی کابینہ کے ذریعے سے دس روز میں فیصلے کا امکان ہے، ملک بھر میں تمام پی ایس او اور دیگر کمپنیوں کے پٹرول پمپ کھلے رہیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے کل ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان کردیا ہے، اور پیٹرول پمپ مالکان کو کل صبح 6 بجے سے پیٹرول پمپ بند رکھنے کی ہدایت کر دی گئی ہے،صرف ایمبولینس اورریسکیو گاڑیوں کو پیٹرول فراہم کیا جائے گا۔پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق 25 نومبر صبح 6 بجے سے ملک بھر بشمول گلگت بلتستان، آزاد جموں کشمیر اور چترال میں پیٹرول پمپس بند رہیں گے، حکومت نے مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی لیکن ابھی تک کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، اور نہ ہی حکومت نے ہمارے مطالبات تسلیم کئے، جب کہ ہمیں یقین دہانی بھی کرائی گئی تھی اور ہم نے 5 نومبر کی ہڑتال کی کال واپس کی تھی۔ لیکن حکومت نے یقین دہانیوں پر کوئی عملدرآمد نہیں کیا، اب جب تک ڈیلر مارجن 6 فیصد نہیں کیا جاتا حکومت سے مزاکرات نہیں ہوں گے۔اس حوالے سے وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں بتایا کہ ہم پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے ساتھ رابطے میں ہیں، اور ان کے مارجن پر نظرثانی کے حوالے سے سمری ای سی سی میں پہلے ہی پیش کی جا چکی ہے، اس حوالے سے آئندہ اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا۔دوسری طرف پاکستان اسٹیٹ آئل اورشیل نے پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ہونے والی ہڑتال سے لاتعلقی ظاہر کرتے ہوئے اپنے پیٹرول پمپس کھلے رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔ پی ایس اونے اپنے سوشل میڈیا اکائونٹس پر ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں ہمارے وہ تمام پیٹرول پمپ جو کمپنی کے زیر ملکیت اور زیر انتظام ہیں، بدستور کھلے رہیں گے اور معمول کے مطابق کام کریں گے۔اسی ضمن میں آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے بھی ہڑتال سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ کسی بھی قسم کی ہڑتال کا حصہ نہیں بنیں گے۔ صدر آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن میر شمس شاہوانی نے کہا ہے کہ آئل ٹینکرز کی لاتعلقی سے 80 فیصد پیٹرول پمپ کھلیں رہیں گے جن میں تمام سرکاری، ملٹی نیشنل کمپینز کے پمپس شامل ہیں۔ انہوںنے کہا کہ 26 ہزار آئل ٹینکرز ملک بھر میں سپلائی جاری رکھیں گے، سب سے بڑا نیٹ ورک پی ایس او کا ہے اور 10 ہزار سے زائد ٹینکرز اسے سپلائی جاری رکھیں گے، عوام پہلے ہی مسائل میں ہیں بلاجواز ہڑتال کرکے انہیں مزید مشکل میں نہیں ڈالنا چاہتے۔دوسری طرف پیٹرول پمپس بند ہونے کی خبر میڈیا پر آتے ہی شہریوں میں بے چینی پھیل گئی اور شہری نئی پریشانی کا شکار ہو گئے ہیں ۔ہڑتال کے اعلان کے بعد ملک بھر کے پیٹرول پمپس پر موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں میں پیٹرول بھروانے والے شہریوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔علاوہ ازیں ترجمان وزارت پیٹرولیم کے مطابق پیٹرول پمپ ڈیلرز کے مارجن بڑھانے کیلئے کیس اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کو بھجوا دیا گیا۔پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ہڑتال پر ترجمان وزارت پٹرولیم نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آئل سپلائی کے لیے ٹینکروں کوروانہ کردیا گیا ہے اس لئے کل ملک بھرمیں تمام پٹرول پمپ کھلے رہیں گے۔ترجمان کی جانب سے کہا گیا کہ وزارت توانائی پٹرولیم ڈویژن نے پٹرول پمپ ڈیلرز کے مارجن کو بڑھانے کیلئے کیس ای سی سی بھیجوا دیا ہے، آئل مارکیٹنگ کمپنیز اور ڈیلرز کے مارجن میں مناسب اضافے کیلئے وزارت کوشاں ہے جبکہ وفاقی کابینہ کے ذریعے سے دس روز میں فیصلے کا امکان ہے۔وزارت پٹرولیم کے ترجمان کا کہنا تھا کہ کل ملک بھر میں تمام پی ایس او اور دیگر کمپنیوں کے اپنے پٹرول پمپ کھلے رہیں گے، آئل سپلائی میں مستعدی کیلئے ٹینکروں کو روانہ کردیا گیا ہے، آئل سیکٹر کی مختلف تنظیموں نے وزارت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے جبکہ عوام کو کوئی فکر کرنے یا پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق جڑواں شہروں میں ہڑتال کے دوران چند ہی پمپس کھلے رہیں گے ،جن میں پاک سیکریٹریٹ، ایئرپورٹ روڈ ،سول لائنز اور ڈپلومیٹک انکلیو پر واقع پی ایس اوکے پمپس کھلے رہے گے۔دوسری طرف پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی ملک بھر میں ہڑتال کے اعلان پر سلیم مانڈوی والا کا کہنا ہے کہ پٹرولیم ڈیلرز کا ہڑتال کا اعلان انتہائی اہم معاملہ ہے، پٹرول پمپس کی بندش سے پٹرول کا شدید بحران پیدا ہوگا۔سلیم مانڈوی والا نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پٹرولیم ڈیلرز سے مذاکرات کرکے معاملے کا حل نکالنے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker