اہم خبریںپاکستان

پی ڈی ایم کا مہنگائی کیخلاف ہرصورت 23 مارچ کولانگ مارچ کا اعلان

اسلام آباد،لاہور(آئی پی ایس ) اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم نے مہنگائی کے خلاف 23 مارچ کو ہرصورت لانگ مارچ کا اعلان کردیا۔ مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں اپوزیشن جماعتوں کے قائدین اور رہنماؤں نے شرکت کی۔ مسلم لیگ ن کے نائب صدر اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں 8 سفارشات پیش کیں۔ جس میں لانگ مارچ کی تاریخ 23 مارچ سے تبدیل نہ کرنے، پیپلزپارٹی کو لانگ مارچ میں شرکت کی اجازت دینے کی تجویز کی گئی۔پی ڈی ایم نے لانگ مارچ کی تاریخ تبدیل نہ کرنے پراتفاق کیا اور ہر صورت 23 مارچ کو مختلف شہروں سے اسلام آباد پہنچنے کا فیصلہ کیا۔پی ڈی ایم نے غیرملکی (فارن) فنڈنگ کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرنے اور عمران خان کو نااہل قرار دینے کا مطالبہ بھی کیا۔ اجلاس کے دوران پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے تجویز دی کہ اگر اتحادی ایوان میں اپوزیشن کے موقف کی حمایت کرتے ہیں تو عدم اعتماد کی بھی ضرورت نہیں رہے گی۔ میاں نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان کی تجویز کی حمایت کرتے ہوئے حکومت کی اتحادی جماعتوں سے فوری رابطے کرنے کی ہدایت بھی کی۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 23مارچ کو مہنگائی مارچ ہوگا اور ہم اسلام آباد کا رخ کریں گے، پی ڈی ایم نے منی بجٹ کومسترد کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح یہ خود کھلونا ہے انہوں نے ملکی معیشت کو بھی کھلونا بنا دیا ہے، قوم بیدار ہے انشا اللہ دودھ میں سے مکھی کی طرح انہیں اقتدار سے باہر کرے گی۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے ان کی مصنوعی ایمانداری کا آئینہ قوم کودکھا دیاکیونکہ درجہ بندی میں پاکستان 117سے140پرچلا گیا، اس حکومت نے ہر سیاست دان کو چور کہا اور اپنی کارکردگی پر کوئی توجہ نہیں دی۔ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، حکمرانوں کوعوام کی چیخیں سنائی نہیں دے رہیں، نااہل حکومت کی وجہ سے کھاد کا بحران پیدا ہوا جس کی ماضی میں کبھی مثال نہیں ملی، کسان قطار میں لگ کر در در ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہے، پی ڈی ایم کسانوں کے مسائل کو ہر فورم پر اجاگر کرے گی۔ مسلم لیگ (ن)کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے کہا ہے کہ کرپشن کرپشن کا شور مچانے والوں کی ہر روز چوریاں پکڑی جا رہی ہیں اور دوسروں پر بے بنیاد الزامات لگانے والوں کو عالمی ادارے چور اور کرپٹ قرار دے رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کرپشن میں اضافے کی ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر رد عمل دیتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے دوسری بار گواہی دی کہ عمران نیازی حکومت کرپٹ اورچور ہے، عالمی ادارے کی رپورٹ فرد جرم ہے لہذا کرپٹ حکمران استعفیٰ دیں کیونکہ ملک ان کی لوٹ مار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کی وزارت عظمی میں پاکستان کرپشن میں تیزی سے ترقی کررہا ہے، دنیا کہہ رہی ہے کہ وزیراعظم چور ہے، کرپشن کے عالمی انڈیکس میں پاکستان کا 16 درجے مزید نیچے جانا افسوسناک ہے، دکھ ہے کہ عالمی سطح پر ملک کی بدنامی ہوئی۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران حکومت سے زیادہ کرپٹ، بدعنوان اور رشوت خور حکومت پاکستان کی تاریخ میں نہیں آئی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے لکھا کہ ہر شعبے میں تنزلی کے ریکارڈ بنانے والے عمران خان کے دور میں صرف ایک شعبے میں ترقی ہوئی اور وہ ہے چوری اورلوٹ مار۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی جیبیں خالی کر نے والے عمران مافیا نے دیدہ دلیری سے پاکستان پر ہاتھ صاف کیے۔ عمران حکومت سے زیادہ کرپٹ، بدعنوان اور رشوت خور حکومت پاکستان کی تاریخ میں نہیں آئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker