اہم خبریںبین الاقوامی

پاکستان سرمایہ کاری کیلئے بہترین جگہ،امریکی کمپنیاں فائدہ اٹھائیں مسعود خان

 واشنگٹن(آئی پی ایس)امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر مسعود خان نے امریکہ کی گلوبل فوڈ کمپنی کارگل کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے،انہوں نے کہا کہ ہے کہ پاکستان سرمایہ کاروں کیلئے بہترین جگہ،امریکہ ہمیشہ سے پاکستان کا بہترین تجارتی پارٹنر رہاہے،وہ کارگل کے نائب صدر کولن ڈی سلوا اور ڈائریکٹر بیٹسی برائنٹ اسٹروس پر مشتمل وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے،پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان اپنی پیداوار اور پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کے لیے اپنے زرعی شعبے کی میکانائزیشن کی طرف تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنا ، جو معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ “ہم امریکی مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں اور امریکی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریں گے، خاص طور پر زرعی شعبے میں کیونکہ زراعت ہماری ریڑھ کی ہڈی ہے” مسعود خان نے کہا کہ زراعت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال نہ صرف ملک میں غذائی تحفظ کو یقینی بنائے گا بلکہ اس اہم شعبے میں پاک امریکہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔ سفیر نے کہا کہ یوکرائنی بحران نے غذائی تحفظ کا ایک بہت بڑا چیلنج پیدا کر دیا ہے جس کا مقابلہ صرف باہمی تعاون سے کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے خاص طور پر ملک میں ریگولیٹری نظام کو بہتر بنانے اور کاروبار کرنے میں آسانی کے لیے حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے مختلف اقدامات پر روشنی ڈالی۔ سفیر مسعود خان نے کارگل کو پاکستان میں اسپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت بھی دی جو بین الاقوامی سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کو بڑی اقتصادی مراعات فراہم کرتے ہیں۔ سفیر نے کارگل کو مینوفیکچرنگ، فوڈ پروسیسنگ اور ٹرانسپورٹیشن کے شعبوں میں اپنی کاروباری سرگرمیوں کو بڑھانے کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا جو کارپوریشن کی مہارت کے بنیادی شعبے ہیں۔ مسعود خان نے کارگل کو خلیجی خطے، مغربی ایشیا، یورپ اور افریقہ میں برآمدات کے لیے زرعی مصنوعات تیار کرنے کی دعوت دی۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان جلد ہی اناج اور کھاد میں خود کفیل ہو جائے گا اور متعدد خطوں کے لیے فوڈ باسکٹ بن جائے گا۔ اس موقع پر کارگل کے نائب صدر کولن ڈی سلوا نے پاکستانی سفیر کو یقین دلایا کہ ان کی کمپنی پاکستان میں مختلف شعبوں میں اپنی سرمایہ کاری میں اضافہ اور تنوع لائے گی، انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ابھرتی ہوئی مارکیٹ ہے جس میں زراعت اور گرین ٹیکنالوجیز میں ترقی کی بڑی صلاحیت ہے، کمپنی پہلے ہی ملک کے زرعی شعبے میں 200 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کر چکی ہے جس میں مزید اضافے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے،

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker