اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

کچھ لوگ نیب کی بنیاد پر سیاست میں زندہ رہنا چاہتے ہیں،چیئرمین نیب

لاہور(آئی پی ایس )چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ کرپشن نے ملک کو برباد کر دیا، نیب نے جو جنگ شروع کی وہ جاری رہے گی، پاکستان میں لوٹی دولت کو واپس دلانا مشکل کام ہے، امید ہے نظام میں رفتہ رفتہ بہتری آئے گی،کچھ لوگ سیاست میں خود کو نیب کی بنیاد پر زندہ رکھے ہیں، ان کی صبح نیب سے شروع اور شام نیب پر ختم ہوتی ہے۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب جسٹس ریٹائر ڈجاوید اقبال نے کہا کہ گذشتہ 4 سال کے دوران 1270 ریفرنس مختلف عدالتوں میں دائر ہوئے، نیب کیسز کے ریفرنسز کا فیصلہ کرنا میرے اختیار میں نہیں، یہ عدالتوں کا کام ہے۔ ،احتساب عدالتوں میں پہلے ہی بیشمار کیسز موجود ہیں ورنہ اتنی تاخیر نہ ہوتی۔انہوں نے کہا کہ نیب نے اربوں روپے کی زمین ریکور کی، ریکوری ہمارے پاس امانت تھی، امانت میں آج تک خیانت کا خیال نہیں آیا۔ چائے کی پیالی میں طوفان برپا کیا گیا کہ ریکوری کہاں گئی۔ ہمیں ریکوری کرنسی نوٹوں کی شکل میں نہیں ہوتی کہ گننا شروع کر دیں۔ نیب کا مکمل آڈٹ 3 دفعہ ہو چکا ہے۔ ایک صاحب نے کہا نیب کے افسران رشوت لیتے ہیں، میرے پاس ثبوت موجود ہیں،وہ صاحب میرے پاس ثبوتوں کیساتھ آ جائیں، کارروائی کیلئے تیار ہیں۔چیئرمین نیب نے کہا کہ کچھ لوگ سیاست میں اپنے آپ کو نیب کی بنیاد پر زندہ رکھنا چاہتے ہیں، اور وہ نیب کی بنیاد پر زندہ ہیں، ان کی صبح نیب سے شروع اور شام نیب پر ختم ہوتی ہے، نیب کو متنازع بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، کیونکہ ہم نے ان سے پوچھا کہ آپ نے اربوں کھربوں کی منی لاڈرنگ کیوں کی، کچھ لوگ خواب میں بھی نہیں سوچ سکتے تھے کہ ان سے بلاکر منی ٹریل مانگی جائے گی کہ پاپڑ والا، گنڈیری والا اتنے امیر کیسے ہوگئے۔جاوید اقبال نے مزید کہا کہ نیب کو حکومت کا حامی کہنا ظالمانہ تنقید ہے، نیب حکومت کے خلاف ایکشن نہیں لیتا یہ الزام لگانے والے بتائیں کہ انہوں نے ہمیں حکومت کے خلاف کتنی درخواستیں دیں، آج درخواست دیں 48 گھنٹے میں ایکشن لوں گا، کوئی مقدس گائے نہیں جو کرے گا وہ بھرے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker