اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

پاکستان کی جعلی سرچ آپریشنز میں معصوم کشمیریوں کے قتل کی مذمت

اسلام آباد(آئی پی ایس )ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے وحشیانہ فوجی کریک ڈاون کی شدید مذمت کرتا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جعلی مقابلوں اور نام نہاد تلاشی کی کارروائیوں میں معصوم کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل قابل مذمت ہے، مقبوضہ کشمیر میں دو ماہ سے بھی کم عرصے میں بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں 35 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا جا چکا ہے۔ترجمان نے کہا کہ سری نگر میں 24 نومبر کو ایک جعلی مقابلے میں مزید تین کشمیریوں کو شہید کیا گیا، قابض فوج کشمیر میں جبری گمشدگیاں، ٹارگٹ کِلنگ، ماورائے عدالت قتل اور آبادی کو اجتماعی سزائیں دینے جیسے جرائم میں ملوث ہے، بھارت کا وحشیانہ طاقت کا استعمال حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کرنے والے کشمیریوں کی مرضی کو توڑنے میں کامیاب نہیں ہو سکتا ہے۔عاصم افتخار احمد نے کہا کہ کشمیری عوام کو حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کا حق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں نے دیا ہے، پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے لیے بھارت کو جوابدہ بنائے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بگڑتی ہوئی صورتحال خطے میں امن وسلامتی کے لیے خطرہ ہے، پاکستان نے بھارت کے خلاف جامع ڈوزیئر میں بھارتی قابض افواج کی انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں اور انسانیت کے خلاف جرائم کے ناقابل تردید ثبوت فراہم کیے ہیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ عالمی برادری اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker