پارلیمنٹ میں بزنس کمیونٹی کے مفادات کے تحفظ کیلئے کردار ادا کریں گے۔ عثمان خان
میڈیا سیاسی پولرائزیشن کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ ظفر بختاوری
آئی سی سی آئی کی جانب سے پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کی نو منتخب باڈی کے اعزاز میں ظہرانہ
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پارلیمانی رپورٹرز کی نومنتخب ایسوسی ایشن کے اعزاز میں ایک ظہرانے کا اہتمام کیا جس میں نیشنل پریس کلب اور راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنسلٹس کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ پارلیمانی رپورٹرز کو معاشرے کے پارلیمنٹ کی کارروائیوں سے باخبر رکھنے میں اہم کردار ہے جو قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں بزنس فرینڈلی اور طویل المدتی معاشی پالیسیاں تشکیل نہیں دی جاتیں جس سے کاروباری طبقے اور سرمایہ کاروں کی مشکلات میں اضافہ ہوتا ہے۔ وہی ملک بہتر ترقی کرتے ہیں جن میں پالیسیوں کا تسلسل جاری رہتا ہے۔ بنگلہ دیش اور دیگر ممالک بزنس فرینڈلی پالیسیاں تشکیل دے کر پاکستان سے آگے نکل گئے ہیں۔ بنگلہ دیش کوشش کر رہا ہے کہ آنے والے دنوں میں فارما سیوٹیکل برآمدات کو بڑھا سکے۔مہنگی بجلی کی وجہ سے کاروبار کی لاگت میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے لہذا آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں کا دوبارہ جائزہ لنا ہو گا کیونکہ آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر نظرثانی نہ کی گئی تو بجلی کے بل عوام کی پہنچ سے باہر ہو جائیں گے۔ پاکستانی عوام گردشی قرضوں کا کھربوں روپے کا بوجھ نہیں اٹھا سکتے۔ لہذا پارلیمانی رپورٹرز ان تمام معاملات کو پارلیمنٹ میں اٹھائیں تا کہ بزنس کمیونٹی اور عوام کی مشکلات کا ازالہ ہو۔
پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر عثمان خان نے اپنے خطاب میں ظہرانے پر مدعو کرنے پر چیمبر کے صدر احسن ظفر بختاوری اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور یقین دہانی کرائی کہ ان کی ایسوسی ایشن اپنے پلیٹ فارم سے بزنس کمیونٹی کے مسائل کو اجاگر کرتی رہے گی تا کہ ان کے حل پر توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پارلیمنٹ میں بھی بزنس کمیونٹی کے مفادات کے بہتر تحفظ کیلئے آواز اٹھائیں گے تا کہ ان کو کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے میں سہولت ہو۔
چیمبر کے سابق صدر اور یو بی جی پاکستان کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک میں اس وقت بہت زیادہ سیاسی پولرائزیشن ہے جس سے معیشت بہت متاثر ہو رہی ہے کیونکہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام ناممکن ہے۔ میڈیا سے گزارش ہے کہ تقسیم کی اس سیاست کو مسترد کریں اور اس کے خاتمے کیلئے کردار ادا کریں۔ معاشرے میں بزنس مین کو رول ماڈل بنانا ہو گا۔ جب تک ملک میں بزنس مین کو رول ماڈل نہیں بنایا جاتا ملک خوشحال نہیں ہو سکتا۔ بزنس کمیونٹی کے نمائندگان کو ملک کے اعلی عہدوں پر نمائندگی دینی ہو گی تا کہ کاروبار کیلئے سازگار پالیسیاں تشکیل دی جائیں۔
نیشنل پریس کلب کے صدر انور رضا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ احسن ظفر بختاوری تاجر برادری کے مسائل کو حل کرنے کیلئے مستعدی سے کام کر رہے ہیں اور وہ نوجوانوں کیلئے ایک مشعل راہ ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نیشنل پریس کلب کے پلیٹ فارم سے بھی بزنس کمیونٹی کیلئے سازگار حالات پیدا کرنے کیلئے آواز اٹھائی جائے گی
پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل نوید اکبر، راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنسلٹ کے سیکرٹری جنرل طارق ورک، سینئر صحافی طارق سمیر، نیشنل پریس کلب کی سیکرٹری فنانس نیئر علی، طارق چوہدری اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور بزنس کمیونٹی کے مسائل کو میڈیا کے ذریعے اجاگر کرنے میں اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی تا کہ ان کے مسائل حل ہوں اور ملک میں کاروبار و سرمایہ کاری کو بہتر فروغ ملے۔