تجارت

اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی تجاویز کوآئندہ بجٹ کا حصہ بنائیں گے

اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی تجاویز کوآئندہ بجٹ کا حصہ بنائیں گے، سینیٹر سلیم مانڈوی والا
حکومت ٹیکس نیٹ کو بڑھانے کیلئے اقدمات کرے،توانائی کی بچت کیلئے اوقات کار کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے،احسن بختاوی
حکومت تمام کمرشل میٹرز کو این ٹی این نمبرز کے ساتھ مشروط کرے جس سے ٹیکس نیٹ میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا،صدر اسلام آباد چیمبر
ایڈونس ٹیکس کیلئے ایک ملین کی حد کو بڑھایا جانا چاہئے،رینٹل انکم پر ٹیکس کو کم کیا جائے،میاں رمضان کا سینیٹ خزانہ میں اظہار خیال
اسلام آباد()اسلام آباد چیمبر آف کامرس و انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں بجٹ تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو ٹیکس نیٹ کو بڑھانے کیلئے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے، حکومت تمام کمرشل میٹرز کو این ٹی این نمبرز کے ساتھ مشروط کرے جس سے ٹیکس نیٹ میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا،توانائی کی بچت کیلئے اوقات کار کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے،ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کی تجاویز کو سنجیدگی کے ساتھ بجٹ میں شامل کرنے کی ضرورت ہے،مشکل معاشی صورتحال میں حکومت چیمبرز کے ساتھ مشاورت سے معاشی لائحہ عمل تشکیل دئے۔ منگل کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت ہوا جس میں اراکین کمیٹی سینیٹر سعدیہ عباسی، سینیٹر شیری رحمان، سینیٹر دلاور عباس، وزیر مملکت خزانہ عائشہ غوث پاشا،ایف بی آر حکام،اسلام آباد، کراچی، لاہور، کوئٹہ، فیصل آباد چیمبرز کے صدور، فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس کے صدر اور پاکستان بزنس کونسل کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں مالی سال 2023-24کے بجٹ کی تیاری کیلئے بزنس کمیونٹی کی سفارشات پر غور کیا گیا۔صدر اسلام آباد چیمبر احسن بختاوری نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایل سیز اورامپورٹ پر پابندی،کمرشل بجلی کے ٹیرف میں ریجنل سطح پر فرق،سمگلنگ سمیت ایسے تمام مسائل جو ملکی اکانومی کو نقصان پہنچا رہے ہیں ان کے حل کیلئے مستقل بنیادوں پر پالیسیاں تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔ریٹیلرزکے ساتھ ساتھ تمام ڈسٹری بیوٹرز اور مینوفکچرز کیلئے بھی پی او ایس اینٹی گریشن لازمی قرار دی جانی چاہئے،فائلرز اور نان فائلرز کا چکر ختم کیا جانا چاہئے،صرف ان ہی بزنسز کو سپلائی دی جائیں جو پی او ایس اینٹی گریٹڈ ہیں یا انکے پا س این ٹی این نمبر ہیں۔اس موقع پر چیئرمین ٹیکسیشن کمیٹی اسلام آباد چیمبر آف کامرس میاں رمضان نے کہا کہ ایڈونس ٹیکس کیلئے ایک ملین بہت چھوٹی اماونٹ ہے اس کو بڑھایا جانا چاہئے،ٹیکسز زیادہ ہونے کی وجہ سے لوگ نئی کمپنیاں رجسٹرڈ کروانے سے ہچکچاتے ہیں۔رینٹل انکم پر ٹیکس کو کم کیا جانا چاہئے۔ اس موقع پر چیئر مین کمیٹی سینٹر سلیم مانڈوی والا نے اسلام آباد چیمبر کی بجٹ تجاویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ چیمبرز اور بزنس کمیونٹی کی طرف سے بہترین اور قابل عمل تجاویز سامنے آئی ہیں، ان تجاویز کو ایف بی آر اور وزارت خزانہ کے سامنے رکھیں گے اور انہیں آئندہ بجٹ کا حصہ بنانے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی پاکستان کے معاشی نظام میں انتہائی اہمیت کی حامل ہے، قائمہ کمیٹی انکی تجاویز کو حکومت تک پہنچانے میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker